خیبر پختونخوا کے وزیر اوقاف، زکواۃ و عشر اور سماجی بہبود سید قاسم علی شاہ نے کہا ہے کہ بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے ویژن کے مطابق انسانیت کی خدمت کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے، اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور اس مشن کی تکمیل کے لیے عملی اقدامات کر رہے ہیں۔ خصوصی افراد کو معاشی خودمختاری اور بہتر زندگی فراہم کرنے کے لیے صوبائی حکومت نے 1 لاکھ سے 5 لاکھ روپے تک بلاسود قرضے فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ جدید الیکٹرک ویل چیئرز کی فراہمی کے لیے بھی ٹینڈر جاری کر دیا گیا ہے۔ان خیالات کا اظہار خیبر پختونخوا کے وزیر اوقاف، زکواۃ و عشر اور سماجی بہبود سید قاسم علی شاہ نے ایبٹ آباد میں محکمہ سماجی بہبود کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جہاں ذہنی و جسمانی معذوری، قوت سماعت و گویائی اور بصارت سے محروم خصوصی بچوں، بچیوں، مرد و خواتین میں چیکس تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر صوبائی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر محمد رفیق خان، ضلعی آفیسر سائرہ مشتاق، سنگی ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن کے محمد آصف، اسسٹنٹ کمشنر ایبٹ آباد زرک یار طورو، اور ڈسٹرکٹ آفیسر پشاور سمیت دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں، جبکہ بڑی تعداد میں خصوصی افراد نے تقریب میں شرکت کی۔صوبائی وزیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ بہت سے اہم معاملات توجہ سے محروم رہ جاتے ہیں، لیکن ہماری حکومت خصوصی افراد کو معاشرتی دھارے میں لانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ پشاور اور ڈیرہ اسماعیل خان کے بعد اب ایبٹ آباد میں خصوصی افراد میں چیکس تقسیم کیے جا رہے ہیں، جبکہ دیگر اضلاع میں بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ خصوصی افراد کو کاروبار کے لیے ایک لاکھ سے پانچ لاکھ روپے تک بلاسود قرض فراہم کیا جائے گا، تاکہ وہ اپنے پیروں پر کھڑے ہو سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ معاشرے کے یہ خصوصی افراد ہیرے کی مانند ہیں، جنہیں تراش کر قیمتی بنانا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔ صوبائی حکومت کفالت پروگرام کے تحت 5 سے 16 سال کی عمر کے یتیم بچوں کو 5 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ فراہم کرے گی، جس کا جلد افتتاح کیا جائے گا۔ اسی طرح خواتین کو سہارا پروگرام کے تحت 5 ہزار روپے تک راشن کی صورت میں مدد فراہم کی جائے گی، تاکہ معاشرتی فلاح و بہبود کے مشن کو مزید تقویت دی جا سکے۔صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان کی ہدایت کے مطابق انسانیت پر خرچ کرنا ہماری ترجیح ہے، اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا ہر گزرتے دن کے ساتھ عوامی فلاح کے مزید اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ محکمہ سماجی بہبود اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھا رہا ہے اور صوبے کے ہر ضلع میں یکساں سہولیات فراہم کرنے کا عزم رکھتا ہے۔تقریب کے دوران صوبائی وزیر نے خصوصی افراد میں فی کس 10 ہزار روپے کے چیکس تقسیم کیے، جبکہ پاک ویلفیئر آرگنائزیشن کی جانب سے 8 جدید ویل چیئرز بھی خصوصی افراد کو دی گئیں۔ قبل ازیں صوبائی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر محمد رفیق خان نے کہا کہ خصوصی افراد کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور انہیں زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ضلعی آفیسر سائرہ مشتاق نے بھی اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی افراد کے لیے فنڈز جاری کروانے میں صوبائی وزیر کا کردار نمایاں رہا ہے، اور یہ خدمت نہ صرف دینی فریضہ ہے بلکہ توشہ آخرت بھی ہے۔