خیبر پختونخواہ کے کالجز میں خواجہ سرا افراد کے لیے ملازمتوں کا کوٹہ مختص
ایبٹ آباد: ریجنل ڈائریکٹوریٹ آف ہائیر ایجوکیشن ہزارہ نے ایک اہم اقدام اٹھاتے ہوئے خطے کے تمام سرکاری کالجز میں خواجہ سرا افراد کے لیے ملازمتوں کا 0.5 فیصد کوٹہ مختص کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ ڈائریکٹوریٹ آف ہائیر ایجوکیشن پشاور کی جانب سے جاری کردہ ایک نوٹیفیکیشن کے بعد کیا گیا ہے۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق، بنیادی پے سکیل 15 اور اس سے نیچے کی تمام آسامیوں میں سے 0.5 فیصد خواجہ سرا افراد کے لیے مختص کی گئی ہیں۔ یہ آسامیوں پر ابتدائی بھرتی کے ذریعے پُر کی جائیں گی۔
ریجنل ڈائریکٹوریٹ آف ہائیر ایجوکیشن ہزارہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر (پی اینڈ ڈی) پروفیسر محمد ارشد کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ تمام کالجز کے پرنسپلز اس فیصلے پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواجہ سرا افراد جو زکوٰۃ، عشر، سوشل ویلفیئر، سپیشل ایجوکیشن اور وومن ایمپاورمنٹ ڈیپارٹمنٹ میں رجسٹرڈ ہیں، ان آسامیوں کے لیے درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔
اس اقدام کو خواجہ سرا افراد کے حقوق کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ اس سے انہیں معاشرے میں باعزت مقام حاصل کرنے اور معاشی طور پر خود کفیل بننے میں مدد ملے گی۔