ایبٹ آباد (نمائندہ خصوصی)ایوب میڈیکل کمپلیکس میں دل کے امراض کے بڑے آپریشن کے تھیٹر کا کام تکمیل کے مراحل میں پہنچ گیا ۔اوپن ہارٹ ،بائی پاس اور بچوں کے پیدائشی امراض کے آپریشن اور پیس میکر کی سہولت میسر ہوگی۔ایوب میڈیکل کمپلیکس میں پہلی مرتبہ اسٹیٹ آف دی آرٹ دل کے امراض کا آپریشن تھیٹر شروع ہونے سے دوسرے بڑے شہروں میں جانے کی تکلیف ختم ہو جائے گی۔قبل اذیں ہسپتال میں مریضوں کو صرف انجیو گرافی کی سہولت دی جاتی تھی۔انجیو گرافی میں مسائل پیش آنے پر مریضوں کو دوسرے شہروں کے ہسپتالوں میں ریفر کیا جاتا تھا۔ان کو بھی اب یہاں ہسپتال میں سہولت میسر ہوگی۔ایوب میڈیکل ٹیچنگ ہسپتال کے چیئرمین بورڈ آف گورنر پروفسیر ڈاکٹر عابد جمیل نے بنیادی ڈھانچے کو بڑھانے میں اہم پیش رفت کی ہے۔بورڈ کے چیئرمین کا اس حوالہ سے کہنا تھا ہزارہ ڈویژن میں صحت کی سہولت کو بہتر کرنے میں پرعزم ہیں۔اب کسی کو بھی دل کے امراض کے علاج کے لئے دوسرے بڑے شہروں میں جانے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔ہسپتال میں دل کے امراض کا جدید سہولیات سے آراستہ آپریشن تھیٹر کے افتتاح کا تاریخی لمحہ ہوگا۔ جلد عوام کو اس کی خوشخبری ملے گی ۔واضح رہے کہ ایوب میڈیکل کمپلیکس میں ہزارہ ڈویژن کے 8 اضلاع کے لاکھوں مریضوں کے علاوہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سے بھی لوگ علاج معالجہ کے لئے آتے ہیں۔