ایبٹ آباد(نمائندہ خصوصی)مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر محمدسیف نے کہا ہے کہ ملک میں تبدیلی کی ہوائیں چل پڑی ہیں۔بین الاقوامی سطح پر حکومت کو چین کے سفیر سے سبکی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ وفاقی حکومت عمران خان کو جیل میں گھٹنے ٹیکنے پر مجبور نہیں کر سکی ۔بشری بی بی کو بھی جیل میں سیاسی بنیاد پر نہیں عمران خان کے تعلق پر رکھ کر پارٹی چیئرمین کو توڑنے کی کوشش کی گئی جس میں کامیاب نہیں ہوئے ۔حکومت کے ظلم کے باوجود پارٹی کو دن بدن پذیرائی ملی ہے۔بشری بی بی کی رہائی کسی ڈیل کا نتیجہ نہیں تھا عمران خان کی جلد رہائی ہو جائے گی۔ملک میں اگر شفاف الیکشن ہوتے ہیں تو قوم کا انتخاب عمران خان ہیں ۔خیبر پختون حکومت عوام کی فلاح وبہبود کے لئے انقلابی اقدامات اٹھا رہی ہے۔لائف انشورنس صوبہ کے ہر فرد کی کریں گے۔صحافیوں کے لئے مالی امداد کے علاوہ تربیتی پروگرام بھی کئے جائیں گے۔حکومت صحافت کی فروغ اور ترقی کے لئے کوشاں ہے۔تعلیم کارڈ میں ایبٹ آباد کےصحافیوں کے بچوں کو بھی شامل کرینگے۔حکومت صحافیوں کے انڈومنٹ فنڈ کو بھی بڑھا رہی ہے۔ لائف انشورنس ایک انقلابی اقدام ہے۔ صوبائی حکومت اپنی انشورنس کمپنیاں بنا رہی ہے ۔خیبر پختون خوا میں ٹرانسمیشن کمپنی بنا رہے جس سے عوام کو سستی بجلی مہیا کریں گے ۔بجلی کی قیمت صوبائی سطح پر کم کریں گے جس کا آئین بھی حق دیتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں ایبٹ آباد یونین آف جرنلسٹس کے سپورٹس گالا کی ٹرافیز کی تقریب رونمائی کی افتتاحی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر صدر ایبٹ آباد یونین آف جرنلسٹس ،ثاقب خان ،جنرل سیکرٹری عاطف قیوم ،صدر ایبٹ آباد پریس کلب محمد شاہد چوہدری،جنرل سیکرٹری سردار شفیق احمد ریجنل سپورٹس آفیسر احمد زمان نے بھی خطاب کیا ۔تقریب میں ریجنل انفارمیشن آفیسر اکرام سعید،ضلعی سپورٹس آفیسر ، ایبٹ آباد پریس کلب اور یونین آف جرنلسٹس کابینہ کے عہدیداران اور جنرل باڈی کے اراکین شریک تھے۔صوبائی مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد سیف کا کہنا تھا قومی ائیر لائن کی نجکاری پر خیبر پختونخوا نے اس کو خریدنے کے لئے دلچسپی ظاہر کی ہے۔قومی اثاثہ ہے اس کو خریدنے کے لئے صوبائی حکومت نے بورڈ کو خط لکھا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ ایبٹ آباد ان کا دوسرا گھر ہے،یہاں سےتعلیم حاصل کی اپنے آپ سے الگ نہیں سمجھتا ۔ایبٹ آباد کے صحافیوں کے لئے میڈیا کالونی ضرور مہیا کریں گے ۔صحافیوں کو ضرور پلاٹ کا مالک بنائیں گے۔کوہاٹ پریس کلب کے لئے میڈیا کالونی کا معاملہ بھی اختتام کے مراحل میں پہنچ چکا ہے۔ایبٹ آباد پریس کلب کے لئے میڈیا کالونی ترجیحات میں شامل ہے۔وزیر اعلی نے بھی اس کی ہدایات دی ہیں۔فنڈنگ کی بھی ضرورت محسوس کی گئی تو وہ بھی کریں گے ۔میڈیا کالونی کے حوالہ سے مانسہرہ پریس کلب کا بھی مطالبہ شدت سے سامنے آیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ تحفظ دینے کے لئے کچھ لوگوں کے پر کاٹنے پڑتے ہیں۔بغیر قانون سازی کے صحافیوں کو اداروں سے سہولیات کی فراہمی دلانا ممکن نہیں ہوگا۔صحافی اپنے حقوق کے تحفظ کے لئے حکومت کا ساتھ دیں۔انہوں نے ایبٹ آباد کے صحافیوں سے قانون سازی کے لئے سفارشات بھی طلب کی ہیں۔انہوں نے انفارمیشن آفس کے زیر انصرام ریڈیو ایبٹ آباد میں مالی بے ضابطگیوں ،مسائل کی نشاندہی پر حل کرنے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے انکوائری کی یقین دہانی کرائی ہے۔ دریں اثناء پریس کلب اور یونین آف جرنلسٹس کے صدور اور جنرل سیکرٹریز نے صوبائی مشیر کو میڈیا کالونی کے دیرینہ مطالبہ کو بھی پیش کیا۔جن میں اخبارات کے اشتہار کے کوٹہ میں توسیع ،واجبات کی ادائیگی اور صحافیوں کو درپیش معاشی حالات ،بچوں کی تعلیم کے لئے سہولیات فراہمی پر زور دیا۔
قبل ازیں ایبٹ آباد یونین آف جرنلسٹس کی جنرل باڈی کا بھی اجلاس ہوا۔جس میں ممبران کی فلاح وبہبود کے لئے بھی اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں سکروٹنی کمیٹی بھی تشکیل دینے کا اعلان کیا گیا اور جنرل باڈی ممبران کے معلوماتی سفر بھی جلد کروانے کا فیصلہ ہوا۔اس موقع پر صدر ایبٹ آباد یونین آف جرنلسٹس ثاقب خان،جنرل سیکرٹری عاطف قیوم ،صدر ایبٹ آباد پریس کلب محمد شاہد چوہدری،جنرل سیکرٹری سردارشفیق احمد،راجہ محمد ہارون نوید اکرم عباسی ،سردار نوید احمد عادل عباسی ،ہارون تنولی ،دلدار احمدستی ،ندیم جدون ،طاہرمحمود اعوان ، سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔یاد رہے کہ ایبٹ آباد یونین آف جرنلسٹس کے زیر اہتمام جرنلسٹس سپورٹس گالا میں کرکٹ ،میراتھن ،کیرم بورڈ ،رسہ کشی اور بیڈ منٹن کے مقابلے ہوں گے۔افتتاحی تقریب میں رسہ کشی اور کیرم کے مقابلہ کا بھی صوبائی مشیر کی موجودگی میں ہوا.ایبٹ آباد یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے صوبائی مشیر نے خصوصی شیلڈ بھی تقسیم کی مہمان خصوصی کو بھی یادگاری شیلڈ دی گئی۔