Skip to content

مصنوعی زہانت تیزی سے تبدیلی لا رہی ہے۔نوجوانوں نے پاکستان کو اندھیروں سے نکالنے کا سفر طے کرنا ہے۔

شیئر

شیئر

گورنر خیبر پختونخواہ فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پاکستان کو اندھیروں سے نکالنے کا سفر اعلیٰ تعلیم و تحقیق سے لیس نوجوان طلباء و طالبات نے طے کرنا ہے جس کے لئے ضروری ہے کہ وہ آگے بڑھیں اور یونیورسٹی سے حاصل کئے گئے علم اور تجربے کو عملی زندگی میں بروئے کار لاتے ہوئے ملک کی ترقی، خوشحالی اور بہتری کے لئے کام کریں۔ وہ ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کے 14ویں سالانہ جلسہ تقسیم اسناد کے موقع پر فارغ التحصیل طلباء و طالبات اور سکالرز سے خطاب کر رہے تھے۔

گورنر نے کہاکہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی بدولت دنیا تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے ، آپ نے مصنوعی ذہانت کی مختلف سکلز سیکھنی ہیں تاکہ ملکی ترقی و خوشحالی کے نئے ذرائع تلاش کئے جا سکیں۔ فیصل کریم کنڈی نے کانووکیشن کے شرکاء سے کہا کہ پاکستانی یونیورسٹیوں کو ٹیکنالوجی کی دنیا میں ظہور پذیر ہونے والے عالمی حالات کو دیکھتے ہوئے اپنے تعلیمی پروگراموں کو بہتر بنا کر انہیں عصری تقاضوں کے مطابق ڈھالنا ہوگاتاکہ ملکی جامعات کے ڈگری ہولڈرز عملی میدان میں کارہائے نمایاں سر انجام دے سکیں۔گورنر نے ڈگری ہولڈرطلباء و طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اعلی تعلیم کے حصول کے ساتھ آپ نے اپنے کردار اور اخلاق سے خود کو ایک ایسا شہری ثابت کرنا ہے جو اپنے خاندان کے ساتھ ساتھ ملک ، قوم اور معاشرے کے لئے بھی مفید ہو۔ انہوں نے فارغ التحصیل گریجویٹس سے کہا کہ والدین نے آپ کو اعلی تعلیم یافتہ شہری بنانے کے لئے سخت محنت کی ہے اور تمام تر وسائل آپ پر صرف کئے ہیں، اب آپ کا فرض ہے کہ آپ معاشرے کے مفید شہری بن کر ان کے خوابوں کو تعبیر دیں ۔اس سے قبل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محسن نواز نے گورنر کی یونیورسٹی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ وائس چانسلر نے یونیورسٹی کی سالانہ جائزہ رپورٹ برائے سال 2023ء کے چیدہ نکات پیش کئے اور یونیورسٹی میں ہونے والی تعلیمی تحقیقی انتظامی اورترقیاتی منصوبوں کے بارے میں شرکاء کو آگاہ کیا۔

کانووکیشن میں یونیورسٹی کے 32تعلیمی و تحقیقی شعبوں کے سپرنگ سمسٹر22سے فال سمسٹر 2023اور فال سمسٹر 2020سے سپرنگ سمسٹر2024کے بی ایس اور سپرنگ سمسٹر2022 سے فال سمسٹر 2023اور فال سمسٹر 2022سے سپرنگ سمسٹر 2024تک تعلیم مکمل کرنے والے ایم فل اور پی ایچ ڈی کے600سے زائد فارغ التحصیل گریجویٹس میں کو ڈگریاں اور 90گولڈ میڈلز عطا کئے گئے۔

کانووکیشن میں فارغ التحصیل طلباء و طالبات کے والدین اور ان کے اہلخانہ ، تعلیمی ،سماجی و سیاسی شخصیات ،عوامی نمائندوں اور اعلیٰ صوبائی انتظامیہ سمیت علاقہ معززین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اپنی رائے دیں

متعلقہ پوسٹس

دوسری زبان میں ترجمہ کریں