زندہ قومیں اپنے محسنوں اور فکری رہنماؤں کی یاد کو رسمی دنوں، نعروں یا محض مجسمہ سازی تک محدود نہیں رکھتیں۔ کسی قومی ہیرو سے حقیقی محبت اور عقیدت کا تقاضا یہ نہیں کہ اُن کی غلطیوں، تضادات یا ارتقائی سفر پر پردہ ڈال کر اُنہیں ایک جامد بت بنا دیا جائے، بلکہ اِس کا اصل تقاضا یہ ہے کہ:
اُن کی فکر سے بصیرت حاصل کی جاے، اُن کے افکار پر تنقیدی و تعمیری نگاہ ڈالی جائے اور اُن کے پیدا کردہ سوالات کے جواب تلاش کئے جائیں ۔
یہاں ایک بنیادی حقیقت کو تسلیم کرنا ضروری ہے کہ :
اندھی عقیدت اور بے جا نفرت، انسان کو حقائق جاننے کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ عقیدت کا طوفان انسان کی آنکھوں پر محبت کا پردہ ڈال دیتا ہے، تو نفرت کا بگولہ اُسے ہر خیر و خوبی سے اندھا کر دیتا ہے۔ دونوں صورتیں ایک ہی انجام کی طرف لے جاتی ہیں۔
اصل اقبال کو پانے کے لیے عقیدت اور نفرت دونوں اندھیروں سے باہر نکلنا ہوگا، اور ٹھنڈے دل و دماغ کے ساتھ اُن کے کلام اور فکر کے سمندر میں غوطہ لگانا ہوگا۔
علامہ اقبال اصل میں ایک سچے مسلمان اور عاشقِ رسولؐ تھے۔ اُن کا تمام فلسفہ خواہ خودی ہو یا بے خودی قرآن اور سیرتِ نبویؐ کی روح میں پیوست ہے۔ اقبال نے یورپ کا سفر کیا، وہاں کی اعلیٰ تعلیم حاصل کی، لیکن وہ مغربی تہذیب کی ظاہری چمک دھمک، مادیت پرستی اور اخلاقی زوال سے سخت متنفر اور بیزار ہوئے۔ اُنہوں نے مغربی نظامِ سرمایہ داری کو انسانیت کا استحصال، روح کی موت اور آقا و غلام کا نیا روپ قرار دیا۔ وہ ایک ایسے عادلانہ اجتماعی نظام کے داعی تھے جس کی بنیادیں اسلامی اخلاق، مساوات اور محبت پر قائم ہوں۔
ہر سال نو نومبر کو ہم اقبال ان کے یوم ولادت کو یاد کرتے ہیں۔ تقریریں ہوتی ہیں، کتابیں شائع ہوتی ہیں، اور "شاہین” کا ذکر ہوتا ہے۔ لیکن کیا ہم نے واقعی اقبال کو سمجھا ہے؟ یا ہم نے اُن کے افکار کا ایک منتخب، آراستہ اور "سرکاری” نسخہ اپنا رکھا ہے؟ یہ مضمون اقبال کی شخصیت کے اُن پہلوؤں کو اجاگر کرنے کی جسارت کرتا ہے جنہیں یا تو جان بوجھ کر نظر انداز کیا گیا یا سہولت کے لیے فراموش کر دیا گیا اور یہ سب کچھ اِس یقین کے ساتھ کہ، ان مفاداتی گھروہیتوں نے سچ کو ہمیشہ کے لئے ( بزعم خیش)دفن کر دیا ہے ۔
وہ اقبال جو ہندوستان کا عظیم شاعر تھا اسے "مفکرِ پاکستان” کہنا آسان ہے، لیکن یہ حقیقت ہے کہ اُن کی شاعری کا ایک بڑا حصہ اُس سرزمین سے محبت سے عبارت ہے جسے ہم آج تقسیم شدہ نقشے پر دیکھتے ہیں۔ اُن کا مشہور ترانہ "سارے جہاں سے اچھا ہندوستان ہمارا” آج بھی گایا جاتا ہے، لیکن اِس کے سیاق و سباق کو اکثر نظر انداز کر دیا جاتا ہے۔ اقبال نے یہ ترانہ 1904 میں لکھا تھا، جب وہ قومی تحریک سے وابستہ تھے۔ یہ محض ایک نظم نہیں، بلکہ ایک ایسے شاعر کا دل ہے جو اپنی مٹی سے جڑا ہوا ہے۔
لیکن اقبال کا "ہندوستان” صرف سیاسی نہیں تھا۔ اُن کی شاعری میں ہندو فلسفے، ویدانت اور ہندوستان کی مشترکہ ثقافت کے عناصر نمایاں ہیں۔ اُنہوں نے کبیر، رام اور کرشن کا ذکر کیا، اور اپنے کلام میں ہندوستان کی روحانی روایت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ یہ پہلو اُن کے بعد کے سیاسی موقف سے متصادم لگ سکتا ہے، لیکن یہ اقبال کی شخصیت کا ایک حقیقی اور نظر انداز شدہ حصہ ہے۔ جنہیں صرف "پاکستان کے مفکر” کے طور پر اقبال یاد رہتے ہیں، وہ اِس اقبال سے محروم رہ جاتے ہیں۔ اور یہ محرومی دراصل اندھی عقیدت کا ہی نتیجہ ہے۔
اقبال کی فکری زندگی کو سمجھنے کے لیے ضروری ہے کہ اُن کے ارتقا کو ایک سیدھی لکیر کے بجائے ایک پیچیدہ، کبھی متضاد، سفر کے طور پر دیکھا جائے۔ وہ ایک قوم پرست شاعر سے لے کر ایک اسلامی مفکر تک، اور پھر ایک سیاسی رہنما تک پہنچے۔ اِس سفر میں اُن کے خیالات بدلتے رہے، اور یہی تبدیلی اُن کی عظمت کا ثبوت ہےکیونکہ جمود عظمت نہیں، ارتقا عظمت ہے۔ لیکن اِس ارتقا کو تسلیم کرنے کے لیے بھی عقیدت کی آندھی سے نکلنا ضروری ہے، ورنہ ہم اقبال کے ہر دور کو ایک ہی سانچے میں ڈھالنے کی کوشش کریں گے اور اُن کی فکری جہد کو کھو دیں گے۔
اُن کے فکری ارتقا میں برگساں اور نطشے کا اثر نمایاں ہے۔ برگساں کے "حیاتیاتی محرک” کا تصور اقبال کے "عشق” اور "خودی” کے تصور سے گہرا تعلق رکھتا ہے۔ اقبال کے نزدیک عشق محض جذباتی کیفیت نہیں، بلکہ زندگی کی اندرونی قوت ہے جو انسان کو ترقی کی طرف دھکیلتی ہے۔ لیکن اقبال کے یہاں ایک بنیادی تناؤ بھی ہے۔ وہ سائنسی عقل، فن اور مذہب کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں جب یہ اپنے الگ الگ خودمختار دائرے بنا لیں۔ اُن کے نزدیک تمام سرگرمیاں اسی "عشق” کی مختلف شکلیں ہیں، اور اگر یہ اِس سے کٹ جائیں تو بے معنی ہو جاتی ہیں۔ یہاں تک کہ وہ کہتے ہیں کہ عشق سے خالی اسلام بھی بت پرستی کی ایک شکل ہے، اور نام نہاد الحاد بھی اگر عشق سے بھرپور ہو تو وہ حقیقت میں اسلام ہی ہے۔ یہ ایک انقلابی اور شاید کچھ لوگوں کے لیے تکلیف دہ خیال ہے جو اقبال کی فکری جرات کو ظاہر کرتا ہے۔ اِس خیال کو یا تو عقیدت کی آندھی میں "کفر” قرار دے کر مسترد کیا جاتا ہے، یا نفرت کی آندھی میں اُسے اقبال کے "الحاد” کا ثبوت سمجھا جاتا ہے دونوں صورتیں حقیقت سے دور ہیں۔
اقبال اور مولانا حسین احمد مدنی کے درمیان تصورِ وطنیت پر ہونے والی بحث بیسویں صدی کے اوائل میں برصغیر کے مسلم سیاسی فکر کا ایک اہم اختلاف تھا۔ مولانا سید حسین احمد مدنی "متحدہ قومیت” کے حامی تھے۔ اُن کا ماننا تھا کہ برصغیر میں رہنے والے تمام لوگ، قطعِ نظر مذہب کے، ایک ہی "قوم” ہیں، کیونکہ قوم کی بنیاد علاقے پر ہے نہ کہ مذہب پر ۔اقبال نے اِس کی شدید مخالفت کی۔ اُن کا خیال تھا کہ اسلام کا تصورِ امت علاقے کی حدود سے بالاتر ہے، اور برصغیر میں مسلمان اپنی الگ مذہبی، ثقافتی اور تاریخی شناخت کی بنیاد پر ایک الگ قوم ہیں۔ جب مدنی صاحب نے یہ بیان دیا کہ "قومیں مذہب سے نہیں بلکہ وطن سے بنتی ہیں”، تو اقبال نے فارسی شاعری میں اُن پر سخت تنقید کی، اُنہیں "دیوبند کا عجیب آدمی” قرار دیا، اور کہا کہ وہ "رسول اللہ کی شان سے ناواقف” ہیں۔
اقبال کا موقف تھا کہ اگر مسلمان متحدہ قومیت کے تصور میں ضم ہو جائیں، تو وہ ہندو اکثریت میں اپنی الگ شناخت کھو دیں گے، اور یوں اسلامی تشخص خطرے میں پڑ جائے گا۔ اِس بحث نے بعد میں "دو قومی نظریہ” کی نظریاتی بنیاد رکھی۔ اِس بحث کا غیر جانبدارانہ جائزہ لینے کے لیے ضروری ہے کہ نہ اقبال کو معصومِ مطلق سمجھا جائے اور نہ مولانا مدنی کو؛ کیونکہ عقیدت اور نفرت کی آندھیاں دونوں ہی اِس تاریخی مکالمے کی حقیقی تفہیم میں رکاوٹ ہیں۔
اس میں شک نہیں کہ اقبال کا یہ تصور قومیت ان کی طبیعت کا مخصوص رد عمل تھا ۔ یہی وجہ ہے کہ ڈاکٹر سید عبداللہ نے اپنے نصابی مضمون ” پھر وطنیت کی طرف” میں اسے غلط فہمی قرار دیا ہے ۔
علامہ اقبال بیسویں صدی کے اردو اور فارسی ادب کے اہم ترین شاعروں میں سے ایک ہیں۔ تنقید نگاروں کا خیال ہیکہ اقبال وہ پہلے شاعر تھے جنہوں نے اردو شاعری کو "مقصدیت” اور "فکری گہرائی” کی نئی بلندیوں تک پہنچایا۔ اُنہوں نے "لفظ” اور "معنی” کے رشتے کو نئے سرے سے تشکیل دیا، شاعری کو محض جذبات کے اظہار کا ذریعہ نہیں سمجھا، بلکہ اُسے قوم کی بیداری اور فکری انقلاب کا اوزار بنایا۔
فارسی شاعری میں، اقبال کی حیثیت بھی انتہائی بلند ہے۔ بعض ناقدین کا کہنا ہے کہ جامی کے بعد، فارسی ادب میں اقبال جیسا عظیم شاعر پیدا نہیں ہوا۔ اُنہوں نے حافظ کی زمین میں اشعار لکھے لیکن حافظ کی نقل نہیں کی، بلکہ اپنے منفرد فلسفیانہ انداز میں حافظ کے "خواب آور” اسلوب کو بیداری اور جدوجہد کا پیغام بنا دیا۔ اُن کی تخلیقات میں "اسرارِ خودی” سے لے کر "جاوید نامہ” اور "ارمغانِ حجاز” تک، ایک مکمل فکری نظام موجود ہے، جس میں شاعری اور فلسفہ باہم جڑے ہوئے ہیں، اور وہ اردو و فارسی ادب کی تاریخ میں ایک منفرد مقام رکھتے ہیں۔
1930 میں خطبۂ الہ آباد میں، اقبال نے واضح طور پر برصغیر کے شمال مغربی مسلم اکثریتی علاقوں پر مشتمل ایک ریاست کے قیام کی تجویز پیش کی، جسے بعد میں "دو قومی نظریہ” کی اہم دستاویز سمجھا گیا۔ اُن کا استدلال تھا کہ اسلام ایک مکمل سماجی نظام ہے، اور مسلمانوں کی اجتماعی زندگی ہندوؤں سے بنیادی طور پر مختلف ہے، اس لیے دونوں ایک ہی قومی ڈھانچے میں یکجا نہیں رہ سکتے۔
تاہم، اقبال کے دو قومی نظریے میں بھی داخلی تناؤ موجود ہے۔ ایک طرف، وہ اسلامی امت کی عالمگیریت پر زور دیتے ہیں، اور مغربی طرز کی علاقائی قومیت کی مخالفت کرتے ہیں، یہاں تک کہ اُسے "بنی نوع انسانیت پر لعنت” قرار دیتے ہیں۔ دوسری طرف، برصغیر کی حقیقت میں، اُنہیں مسلمانوں کے سیاسی تحفظ کے لیے علاقے کی بنیاد پر ایک الگ ریاست کا مطالبہ کرنا پڑا، جو عملی سیاست میں علاقائی قومیت کے تصور سے استفادہ کرنے کے مترادف ہے۔
اِس "عالمگیر امت” اور "علاقائی ریاست” کے درمیان تناؤ نے اقبال کے بعد کے محققین کے لیے بحث کا موضوع فراہم کیا ہے۔ بعض اسکالرز کا خیال ہے کہ اقبال بنیادی طور پر قومیت کے تصور کے مخالف تھے، اور الگ ریاست کا مطالبہ محض وقتی طور پر مسلمانوں کے سیاسی حقوق کے تحفظ کا ذریعہ تھا، نہ کہ مقصد۔ پاکستان کے قیام کے بعد، یہ تناؤ اور بھی واضح ہو گیا، کیونکہ نئی ریاست نے اپنی قومی شناخت کی تعمیر کے لیے علاقے کی بنیاد پر "پاکستانی قوم” کے تصور کو استعمال کیا، جو نظریاتی طور پر مولانا سید حسین احمد مدنی کے موقف کی طرف ایک قسم کی واپسی تھی۔ اِن تضادات کو دیکھنے کے لیے بھی عقیدت کی آندھی سے پاک ہونا شرطِ اول ہے۔
اقبال کو ایک "قومی ہیرو” کے طور پر پیش کرنے کی کوشش میں اُن کی شخصیت کے پیچیدہ پہلوؤں کو نظر انداز کیا گیا ہے۔ اُن کی شاعری میں کبھی کبھی ایک ایسا لہجہ ملتا ہے جو آج کے حساس کانوں کو چبھ سکتا ہے۔ اُنہوں نے اپنے دور کے دیگر مفکرین کی طرح بعض نسلی یا ثقافتی دقیانوسی تصورات کا استعمال کیا، خاص طور پر جب وہ "مغربی” تہذیب کی تنقید کرتے تھے۔ مزید برآں، اقبال کی سیاسی فکر میں ایک بنیادی ابہام ہے۔ وہ ایک طرف "ملیت” اور اسلامی اخوت کے علمبردار تھے، لیکن دوسری طرف اُنہوں نے علاقائی اور لسانی شناختوں کو بھی نظر انداز نہیں کیا۔ اُن کا "پاکستان” کا تصور کیا تھا؟ کیا وہ ایک اسلامی ریاست چاہتے تھے یا ایک وفاق جہاں مسلمان اکثریت میں ہوں؟ یہ سوالات آج بھی متنازعہ ہیں، اور اقبال کے اصل موقف کو یک رخا بنا کر پیش کرنا اُن کی فکری گہرائی کے ساتھ انصاف نہیں۔ اِن سوالات کو اٹھانا دراصل عقیدت کی اُس آندھی کا مقابلہ کرنا ہے جو ہمیں "ہیرو” کے ہر عمل کو ماورائے تنقید سمجھنے پر مجبور کرتی ہے۔
اقبال کی سب سے بڑی مثبت خدمات میں سے ایک "خودی” کا تصور ہے۔ یہ تصور محض انا پرستی نہیں، بلکہ خود آگاہی، خود اعتمادی اور اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کا نام ہے۔ اقبال کے نزدیک خودی کا ارتقا عشق کے ذریعے ہوتا ہے، اور یہی وہ قوت ہے جو انسان کو خدا تک لے جاتی ہے۔ اُن کا یہ تصور آج کے نوجوان کے لیے انتہائی Relevant ہے، جو خود اعتمادی کے بحران کا شکار ہے۔ اقبال کہتے ہیں کہ انسان اپنی تقدیر خود لکھتا ہے، اور یہ پیغام اُن کی شاعری کی سب سے بڑی طاقت ہے۔ لیکن اِس مثبت پہلو کو بھی عقیدت کی آندھی میں اِس طرح نہیں اچھالنا چاہیے کہ وہ ایک نعرہ بن کر رہ جائے؛ خودی کا فلسفہ دراصل تنقیدی خود آگاہی کا فلسفہ ہے، اور اِسے اپنانے کا مطلب ہے اپنے اندر جھانکنا نہ کہ کسی کے پیچھے اندھا چلنا۔
اقبال ایک مجسمہ نہیں، ایک انسان تھے۔ اُن کے خیالات میں تضادات تھے، اُن کا سفر سیدھا نہیں تھا، اور اُن کی شخصیت ایک ہی رنگ میں نہیں ڈھلتی۔ اُن کی پیدائش کے دن پر ہمیں اُنہیں خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے اُن کے اصل پیغام کی طرف لوٹنا چاہیے: عقل اور عشق کا توازن، خودی کا ارتقا، اور انسانیت سے محبت۔ اقبال کو سمجھنے کا مطلب اُن سے اختلاف کرنے کی جرات کرنا ہے، کیونکہ وہ خود ایک سوال کرنے والے، سوچنے والے اور تخلیقی ذہن کے مالک تھے۔
اور یہ جرات صرف اُس وقت ممکن ہے جب ہم عقیدت اور نفرت دونوں آندھیوں سے آزاد ہو کر اقبال کے سامنے بیٹھیں۔ کیونکہ آندھی عقیدت ہو یا نفرت، انسان کو حقائق جاننے کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ عقیدت انسان کو اندھا کر دیتی ہے اور نفرت اُسے کج نظر؛ دونوں صورتوں میں حقیقت کی تصویر مسخ ہو جاتی ہے۔
اقبال کے جنم دن کی سب سے سچی مناسبت یہی ہوگی کہ ہم اِن آندھیوں سے نکل کر اُس باغیانہ روح کو زندہ رکھیں جو خود اقبال کے اندر تھی سوال کرنے کی روح، تنقید کی روح، اور سچ تک پہنچنے کی بے چین روح۔
بقول اقبال:
نہیں ہے ناامید اقبال اپنی کشت ویراں سے
ذرا نم ہو تو یہ مٹی بڑی زرخیز ہے ساقی