مانسہرہ: تھانہ بفہ کی حدود میں کمسن بچے سے مبینہ زیادتی کے الزام میں پولیس نے دو ملزمان کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔
پولیس کے مطابق بفہ کی رہائشی خاتون نے اطلاع دی کہ اس کا 8 سے 9 سالہ بچہ گزشتہ چند روز سے خوف زدہ اور سہما ہوا تھا۔ والدہ کے دریافت کرنے پر بچے نے مبینہ طور پر بتایا کہ ملزمان اسے بہلا پھسلا کر اپنے ساتھ لے گئے اور اس کے ساتھ زیادتی کی، جبکہ بعد ازاں اسے ڈرا دھمکا کر واقعہ کسی کو نہ بتانے کی ہدایت کی گئی۔
خاتون کی رپورٹ پر تھانہ بفہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے نامزد ملزمان، ساکنان بفہ کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق واقعے کی تمام پہلوؤں سے مزید تفتیش جاری ہے اور شواہد کی روشنی میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
ڈی پی او مانسہرہ محمد اظہر خان نے کہا ہے کہ بچوں کے خلاف جرائم میں ملوث عناصر کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی اور ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔
