ایبٹ آباد: سابق گورنر خیبر پختونخوا سردار مہتاب احمد خان نے کہا ہے کہ جو قومیں اپنی تاریخ بھول جاتی ہیں وہ پسماندگی کا شکار ہو جاتی ہیں، اس لیے نئی نسل کو تحریک پاکستان اور بزرگوں کی خدمات سے آگاہ کرنا ضروری ہے۔
وہ ایبٹ آباد میں محمد الیاس لودھی مرحوم کی کتاب ’’کچھ دیکھا کچھ سنا‘‘ کی تقریب رونمائی سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں مہمان خصوصی ایم این اے شہزاد گستاسپ خان، سابق وفاقی وزیر نوابزادہ صلاح الدین، پبلشر زاہد کاظمی، کامران ایڈووکیٹ، ماہر تعلیم واحد سراج، خالق داد خان جدون سمیت سیاسی، سماجی، مذہبی، وکلا اور صحافتی شخصیات نے شرکت کی۔
سردار مہتاب احمد خان نے کہا کہ ہزارہ ڈویژن نے تحریک پاکستان اور مسلمانوں کی جدوجہد میں اہم کردار ادا کرنے والی عظیم شخصیات پیدا کیں، جن کی خدمات کو محفوظ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کتابیں تاریخ، تعلیم اور آگاہی کا اہم ذریعہ ہیں اور محمد الیاس لودھی نے اپنی کتاب کے ذریعے نئی نسل کی رہنمائی کا اہم کام کیا ہے۔
انہوں نے موجودہ ملکی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو مخلص اور دیانتدار قیادت کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق مخصوص حکمران طبقے کی غلط پالیسیوں کے باعث ملک ترقی کے بجائے پسماندگی اور قرضوں کے مسائل میں گھرا ہوا ہے۔مہمان خصوصی ایم این اے شہزاد گستاسپ خان نے کہا کہ محمد الیاس لودھی نے اپنے والد مولانا اسحاق کی خدمات اور تحریک پاکستان کے حوالے سے اہم معلومات کتابی شکل میں محفوظ کرکے آنے والی نسلوں کے لیے قیمتی اثاثہ چھوڑا ہے۔
سابق وفاقی وزیر نوابزادہ صلاح الدین نے کہا کہ ’’کچھ دیکھا کچھ سنا‘‘ تاریخی اہمیت کی حامل کتاب ہے، جس میں تحریک پاکستان کے کارکنوں کے ساتھ ہزارہ کی مذہبی، سماجی اور ثقافتی شخصیات کی خدمات کو بھی اجاگر کیا گیا ہے۔مقررین نے کتاب کے مصنف محمد الیاس لودھی مرحوم کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے اہل خانہ کو کتاب کی اشاعت پر مبارکباد دی۔ تقریب کے شرکاء نے کتاب کو ہزارہ کی تاریخ اور نئی نسل کے لیے اہم رہنما قرار دیا۔
