Skip to content

تیل کی قیمتیں اور تعلیمی مستقبل ، ڈپٹی کمشنر مانسہرہ سے ایک اپیل ـ

شیئر

شیئر

تحریر سردار عبدالکفیل

حالیہ دنوں میں پیٹرول کی قیمت میں دو بار اضافہ ہو چکا ہے اور اب پیٹرول کی قیمت پاکستان میں 458 روپے ہو گئی ہے۔ اس بڑھتی ہوئی قیمت نے پورے پاکستان کے متوسط طبقے کو متاثر کیا ہے لیکن میں سمجھتا ہوں سب سے زیادہ جو طبقہ متاثر ہوا ہے وہ اسٹوڈنٹس ہیں ۔ کسی نے کیا خوب کہا تھا کہ سب سے زیادہ غریب اسٹوڈنٹس ہوتے ہیں جو نہ گھر میں پیسے دے سکتے ہیں اور نہ لے سکتے ہیں ـ

خواہ کالج کے طالب علم ہوں ، یونیورسٹی کے ہوں یا اسکول کے ، وہ کیسے متاثر ہوئے میں بتاتا ہوں ؟ پیٹرول کی قیمت زیادہ ہونے کی وجہ سے طلبہ کو ہفتے میں دو دن کی چھٹی دے دی گئی۔ پہلے ہی ہمارے اداروں کا برا حال تھا جو تھوڑی بہت لَو تھی وہ بھی مدھم کر دی گئی ، یونیورسٹی لیول کے طلبہ کے اپریل میں مڈ ٹرم کے پیپرز شروع ہونے والے ہیں ، سمسٹر شروع ہوئے تقریباً ڈیڑھ مہینہ ہونے کو ہے لیکن بار بار چھٹیاں ہونے کی وجہ سے کچھ ہی کلاسز ہو پائی ہیں۔ یہاں ہماری تعلیم متاثر کی گئی اور طلبہ کو چھٹیاں دے دی گئیں تاکہ پیٹرول کی بچت ہو ، لیکن کیا مجال ہمارے حکمرانوں کے پروٹوکول میں کمی آئی ہو ؟ جو چیز ضروری ہے یعنی تعلیم اسے بند کیا جا رہا ہے اور جو چیز ضروری نہیں یعنی پروٹوکول، اس پر کوئی فرق نہیں پڑا۔

دوسرا نقصان جو طلبہ کو ہوا میں سمجھتا ہوں وہ سب سے بڑا نقصان ہے یعنی پبلک ٹرانسپورٹ کا کرایہ مہنگا ترین ہونا ، ایک غریب گھر کا بچہ جسے ایک غریب باپ نے بڑی مشکل سے اسکول ،کالج یا یونیورسٹی بھیجا ہے ان کا کیا ہوگا ؟ غریب باپ کرایہ دے ، کتابوں کے اخراجات اٹھائے ، فیس بھرے یا گھر کا خرچہ چلائے؟ ایک طالب علم جو دو گاڑیاں تبدیل کر کے کالج جاتا ہے، مثال کے طور پر اگر کوئی شنکیاری یا بفہ سے کامرس کالج آئے اور اس کا پہلے روزانہ کا کرایہ 300 روپے بنتا تھا تو اب 600 روپے لگے گا ساتھ گاڑی والوں کے اپنے نخرے ہوں گے ایک غریب اسٹوڈنٹ کرے تو کیا کرے؟

میں ڈپٹی کمشنر مانسہرہ سے بحیثیت اسٹوڈنٹ پورے ضلع مانسہرہ کے طلبہ کی جانب سے درخواست کرتا ہوں کہ یہ وقت طلبہ کے لیے کسی آزمائش سے کم نہیں ہے۔ کئی طلبہ ایسے ہوں گے جو حالات کا مقابلہ نہ کرتے ہوئے مجبوراً تعلیم چھوڑ دیں گے۔ سر! آپ سے گزارش ہے کہ طلبہ خواہ یونیورسٹی، کالج یا اسکول کے ہوں، ان کے ساتھ خصوصی تعاون فرمائیں اور طلبہ کے لیے ایسی کرایہ لسٹ جاری فرمائیں جس میں انہیں خصوصی ریلیف دیا جائے۔

اپنی رائے دیں

متعلقہ پوسٹس

دوسری زبان میں ترجمہ کریں