ایبٹ آباد
معروف کوریئر کمپنیوں کی کام چوری اور بددیانتی عروج پر, شہری سراپا احتجاج۔
ایبٹ آباد کے شہریوں نے علاقے میں کام کرنے والی نامور کوریئر کمپنیوں، خصوصاً ٹی سی ایس کے خلاف شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ عوامی شکایات کے مطابق، ان کمپنیوں کے اہلکار نہ صرف کام چور ہیں بلکہ بددیانتی کی بدترین مثالیں بھی قائم کر رہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ جب وہ کیش آن ڈلیوری (COD) پر ضروری سامان منگواتے ہیں تو اکثر اوقات کوریئر اہلکار سامان پہنچانے کی زحمت ہی نہیں کرتے۔ اس کے بجائے جھوٹا موقف اختیار کر لیتے ہیں کہ "گھر پر کوئی موجود نہیں تھا” یا "وصول کنندہ یہاں سے منتقل ہو چکا ہے” اور یوں آرڈر از خود منسوخ کر دیا جاتا ہے۔
ایک شہری نے اپنی شکایت میں بتایا:
"میں نے ٹی سی ایس کے ذریعے ایک ضروری الیکٹرانک سامان شپمنٹ نمبر: 774791952002 کے تحت منگوایا، لیکن متعلقہ اہلکار نے پارسل پہنچانے کی بجائے سسٹم میں یہ درج کر دیا کہ ‘وصول کنندہ یہاں سے منتقل ہو چکا ہے’ جو سراسر جھوٹ اور بددیانتی ہے۔”
ایسے واقعات سے نہ صرف عوام کا قیمتی وقت ضائع ہوتا ہے بلکہ اہم اور ضروری اشیاء وقت پر نہ ملنے کی وجہ سے مالی نقصان بھی ہوتا ہے۔
شہریوں نے ٹی سی ایس انتظامیہ، ضلعی حکومت اور متعلقہ ریگولیٹری اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ ان شکایات پر فوری ایکشن لیا جائے، غیر ذمہ دار کوریئر اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے اور کوریئر سروسز کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے مؤثر نظام وضع کیا جائے۔