پاکستان کے عوام اور حکومت کا حج انتظامات پر پاکستان و سعودی حکومت کو خراجِ تحسین
وفاقی وزیر سردار محمد یوسف اور سعودی سفیر نواف المالکی کے اعزاز میں حج کانفرنس
اسلام آباد (پ ر) پاکستان کے عوام اور حکومت نے رواں سال کے شاندار اور مثالی حج انتظامات پر پاکستان اور سعودی حکومت کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر کہا گیا کہ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے پاکستانی حجاج کے لیے جو قابلِ قدر خدمات اور کوششیں انجام دیں، وہ لائقِ تحسین ہیں۔
ان خیالات کا اظہار مرکزی جمعیت اہل حدیث اور پاک سعودی یکجہتی کونسل کے زیرِ اہتمام "بہترین حج انتظامات” کے موضوع پر وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف اور سعودی حکومت کے اعزاز میں منعقدہ خصوصی حج کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مختلف مقررین نے کیا۔
کانفرنس کے مہمانِ خصوصی وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف تھے، جبکہ مہمانِ اعزاز سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی تھے۔
کانفرنس کی صدارت امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبد الکریم نے کی، جبکہ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض مولانا عتیق الرحمن شاہ اور پروفیسر سجاد قمر نے سرانجام دیے۔
کانفرنس سے سیکرٹری جنرل جمعیت علمائے اسلام مولانا عبدالغفور حیدری، صدر پاک سعودی یکجہتی کونسل مولانا علی محمد ابو تراب، امیر جمعیت علمائے اسلام س مولانا عبدالحق ثانی، مولانا محمد احمد لدھیانوی، سیکرٹری جنرل جمعیت اہل حدیث مولانا عبدالرشید حجازی، مولانا سبطین شاہ نقوی، مفتی فیروز الدین ہزاروی اور مولانا شفیق الرحمن علوی نے بھی خطاب کیا۔
وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے اپنے خطاب میں کہا کہ "پاکستانی حجاج کی خدمت ہمارا دینی، قومی اور اخلاقی فریضہ ہے۔ اس سال حج آپریشن کی کامیابی اللہ کے فضل، حکومت پاکستان اور سعودی حکومت کی بہترین ہم آہنگی اور تعاون کا نتیجہ ہے۔ ہم آئندہ بھی مزید بہتری کے لیے پرعزم ہیں۔”انھوں نے خادم الحرمین الشریفینشاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد امیر محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے حج کے بہترین انتظامات کیے۔ انھوں نے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کی کاوشوں کو بھی سراہا۔ انھوں نے کہا کہ اس سال مثالی حج ہوا۔ اور مشاعر میں ایر کنڈیشنز کی وجہ سے حجاج کو بہت زیادہ سہولت ملی۔ انھوں نے سعودی سفیر کا شکریہ ادا کیا کہ آنے والے سال روڈ ٹو مکہ کی سہولیات میں مزید اضافہ ہو گا۔ انھوں نے مسلم لیگ ن کے صدر میاں نواز شریف اور وزیر اعظم میاں شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا کہ جنہوں نے ان پر دوبارہ اعتماد کیا اور وزیراعظم کی بھرپور سرپرستی کی وجہ سے بہتر انتظامات ممکن ہو سکے۔
تقریب کے میزبان اور مرکزی امیر جمعیت اہل حدیث
سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبد الکریم نے کہا کہ "وفاقی وزیر مذہبی امور کی سربراہی میں پاکستانی حجاج کے لیے اعلیٰ درجے کے انتظامات کیے گئے، جن پر پوری قوم ان کی شکر گزار ہے۔ سعودی حکومت نے بھی ہمیشہ حجاجِ کرام کی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔”انھوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کی دوستی لازوال اور بے مثال ہے۔ سعودی حکومت نے حرمین کی تاریخی توسیع کی اور حجاج و معتمرین کی سہولیات میں بے پناہ اضافہ کیا۔ انھوں نے کہا نواف بن سعید المالکی پاکستان میں سعودی عرب جبکہ سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر ہیں۔ انھوں نے کہا کہ انشاء اللّه ہم حجاج کی بہتری کے لیے وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کے شانہ بشانہ ہیں۔
سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے اپنے خطاب میں کہا کہ "سعودی عرب کی قیادت اور عوام پاکستانی بھائیوں سے دلی محبت رکھتے ہیں۔ حجاجِ کرام کی خدمت سعودی حکومت کے لیے اعزاز ہے۔ آئندہ بھی سعودی عرب اپنے مہمانوں کی خدمت کے معیار کو مزید بلند کرے گا۔”
انھوں نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ اور ہماری دوستی لازوال ہے۔ انھوں نے کہا خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان
بن عبدالعزیز اور ولی عہد امیر محمد بن سلمان بن عبدالعزیز حجاج اور معتمرین کی خدمت کو سعادت سمجھتے ہیں۔ انھوں نے کہا سعودی عرب پورہ امت مسلمہ کی خدمت کو اپنا فرض سمجھتا ہے۔ اور ہر موقع پر بہترین کردار ادا کیا ہے۔
مولانا عبدالعفور حیدری، مولانا محمد احمد لدھیانوی، مولانا فضل الرحمان خلیل، مولانا عبدالحق ثانی، پروفیسر سجاد قمر، مولانا عتیق الرحمن شاہ نے کہا کہ وفاقی وزیر مذہبی امور درویش صفت انسان ہیں۔ اور انھون نے حاجیوں کی جو خدمت کی وہ ایک تاریخ ہے۔ انھوں نے کہا کہ سعودی عرب تو اپنا بھرپور کردار ادا کر ہی رہا ہے۔ لیکن سردار محمد یوسف نے حج کے انتطامات میں بہتری کی اور حاجیوں کی بھرپور خدمت کی۔ اس موقع پر حجاج کرام کی بہترین خدمت پر پاکستان کے عوام اور علماء کی طرف سے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف اور سعودی سفیر کو ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے شیلڈ بھی پیش کی۔
کانفرنس کے آخر میں شرکاء نے پاکستان اور سعودی عرب کی دوستی اور یکجہتی کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا اور مستقبل میں بھی اس تعاون کے تسلسل کی خواہش کا اظہار کیا۔