Skip to content

عرشی ڈنہ میڈوزعرشی ڈنہ میڈوز (وادی سرن)

شیئر

شیئر

ذیشان جدون

18 مئی 2025 کو ضلع مانسہرہ کی جنت نظیر وادی سرن میں ایک ایسے ٹریک کا انتخاب کیا گیا جس کے بارے میں بہت کم لوگ جانتے ہیں اور جو قدرتی حسن میں اپنی مثال آپ ہے۔
وادی سرن میں سیاحت کے فروغ کے لئے رننگ اینڈ ہائیکنگ کلب پاکستان کے اس ایونٹ میں لاہور، فیصل اباد، راولپنڈی، اسلام آباد اور ہزارہ ڈویژن سے ہائیکنگ/ٹریکنگ اور قدرتی نظاروں سے محبت کرنے والی 80 شخصیات نے شرکت کی اور اس ٹریک اور میڈوز کی خوبصورتی سے لطف اٹھاتے ہوئے رننگ اینڈ ہائیکنگ پاکستان کی کاوشوں کو سراہا اور اس ایونٹ کی رونق میں اضافہ کیا۔ اس ایونٹ کو کلب کے سینئیر ممبران جناب پروفیسر ڈاکٹر Ayub Jadoon اور Nayyar Shahzad نے بہت احسن طریقے سے لیڈ کیا۔

سرن ویلی عرشی ڈنہ کی مکمل معلومات!
سرن ویلی میں عرشی ڈنہ میڈوز تک پہنچنے کے لئے منڈی تک گاڑی پر آنا پڑتا ہے۔ منڈی تک کا فاصلہ اور ڈرائیونگ ٹائم کتنا لگتا ہے اس کی تفصیل کچھ اس طرح سے ہے۔۔
ایبٹ آباد سے شنکیاری فاصلہ: 49 کلومیٹر (ایک سے سوا گھنٹہ)
اسلام آباد سے شنکیاری: 160 کلومیٹر (سوا دو گھنٹے)
شنکیاری سے منڈی: 50 کلومیٹر ( ٹائم ڈیڑھ سے دو گھنٹے)
شنکیاری سے سرن ویلی کی جانب جاتے ہوئے نواز آباد تک روڈ کنڈیشن ٹھیک ہے لیکن نواز آباد سے آگے منڈی والا رستہ کچا ہے اور روڈ کنڈیشن اچھی نہیں ہے اس لئے ایسی کار یا گاڑی جو ڈاؤن ہو اس کو لے کر آنے سے اجتناب کریں۔
منڈی میں پانی کے پاس کچھ لوکل ڈھابہ نما ہوٹل ہیں جہاں سے چائے اور کھانے کے چیزیں مل جاتی ہیں۔
منڈی سے آگے عرشی ڈنہ کی جانب جو ٹریک جاتا ہے اس کے دو حصے ہیں۔

پہلا حصہ منڈی سے عرشی۔
منڈی سے عرشی تک کا یہ ٹریک پانی کے نالے کیساتھ ساتھ ہے اور یہ فاصلہ بآسانی ایک گھنٹے میں مکمل کیا جا سکتا ہے۔ عرشی کی جانب جاتے ہوئے آپ کو تقریبا 18 بار اس پانی میں سے گزر کر دائیں یا بائیں ٹریک پر ہونا پڑتا ہے۔ پانی کا بہاؤ اتنا تیز نہیں ہے جس کی وجہ سے اس کو عبور کرنے میں کوئی دقت نہیں ہوتی۔ لیکن اس ٹریک پر آنے کے لئے آپ ہائیکنگ شوز کے علاؤہ پلاسٹک کے چپل یا سینڈل لازمی پاس رکھیں۔ اس ٹریک پر خوب صورت نظارے، پانی کی آواز اور ٹھنڈے شفاف پانی میں سے گزرتے ہوئے اللہ کی بنائی ہوئی کائنات کی خوبصورتیوں کو دیکھتے انسان عرشی پہنچتا ہے۔ عرشی تک یہ ٹریک آسان ہے۔

دوسرا حصہ عرشی سے ڈنہ میڈوز۔
پانی والے خوبصورت ٹریک کے بعد عرشی سے ڈنہ ٹاپ کی جانب گھنے جنگل میں سے ہائیکنگ ٹریک شروع ہو جاتا ہے۔ جس پر چڑھائی زیادہ ہے لیکن ٹریک اتنا خوبصورت ہے کہ جب جنگل میں داخل ہوتے ہیں تو ٹھنڈی ہوا اور پرندوں کی چہچہاہٹ آپ کا استقبال کرتی ہے اور آپ اس خوبصورت جنگل کی خوبصورتی میں مگن آگے بڑھتے ہیں۔ جنگل کا یہ ٹریک نئے ٹریکرز یا جن کی فٹنس اچھی نہیں ہے ان کے لئے مشکل ہو سکتا ہے۔ ایک اچھا ٹریکر اس ٹریک کو ایک گھنٹہ میں مکمل کر سکتا ہے اور آہستہ چلنے والا ساتھی دو سے اڑھائی گھنٹے میں۔۔
جنگل کی چڑھائی مکمل کرنے کے بعد جب عرشی ڈنہ میڈوز پر پہنچتے ہیں تو جو نظارہ دیکھنے کو ملتا ہے وہ اس ہائیکنگ اور سارے سفر کی تھکان کو اتار دیتا ہے۔ عرشی ڈنہ سوہنی سر اور ملکی سر پہاڑوں کے دامن میں انتہائی خوبصورت میڈوز ہے۔ اس کی بلندی سطح سمندر سے 9400 فٹ ہے اور اس میڈوز کی سیر کا بہترین وقت جون سے ستمبر تک ہے۔

اپنی رائے دیں

متعلقہ پوسٹس

دوسری زبان میں ترجمہ کریں