Skip to content

جیوپولیٹکس اور سفارتکاریانڈس واٹر معاہدہ کی موجودہ حالات کے مطابق تجدید کی ضرورت

شیئر

شیئر

تحریر: نمیتا برتھوال ترجمہ ماہ نور مشال

30 اگست 2024 کو، بھارت نے پاکستان کو انڈس واٹر معاہدہ (IWT) کی نظرثانی اور تبدیلی کے لیے باقاعدہ نوٹس جاری کیا، جس میں آبادی کی متغیر تعداد، زرعی ضروریات اور صاف توانائی کے ترقی کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت کا حوالہ دیا۔ انڈس واٹر معاہدہ، جو 1960 میں دستخط کیا گیا تھا، دونوں ممالک کے درمیان انڈس دریا کے نظام سے پانی کی تقسیم کے قواعد کو وضاحت فراہم کرتا ہے۔ معاہدہ بھارت کو مشرقی دریاؤں یعنی ستلج، بیاس اور راوی پر خصوصی حقوق دیتا ہے، جبکہ پاکستان کو مغربی دریاؤں یعنی انڈس، جہلم اور چناب سے اکثریتی پانی کی مقدار ملتی ہے۔ باوجود اس کے کہ یہ معاہدہ تاریخی طور پر ایک تعاون پر مبنی سمجھوتہ تھا، بھارت کا کہنا ہے کہ یہ پاکستان کو زیادہ فائدہ پہنچاتا ہے، منصوبوں کی منظوری کو پیچیدہ بناتا ہے، اور ماحولیاتی تبدیلی جیسے جدید چیلنجز کا مناسب طریقے سے مقابلہ نہیں کرتا۔ بھارت اور پاکستان کے درمیان بڑھتے ہوئے قانونی، ماحولیاتی اور جیوپولیٹیکل مسائل کے پیش نظر، انڈس واٹر معاہدہ کی مرکزی کشیدگیوں اور اس کی اصلاح کی ضرورت پر نظرثانی کرنا ضروری ہے۔

ہائیڈرو الیکٹرک منصوبوں پر قانونی تنازعات

معاہدہ کی تشکیل کے بعد سے انڈس واٹر معاہدہ کو ایک کامیاب پانی کی تقسیم کے معاہدہ کے طور پر سراہا گیا ہے۔ تاہم، بڑھتی ہوئی مقامی پانی کی ضروریات اور ماحولیاتی بحران کے باعث بھارتی پالیسی سازوں نے اس کی اصلاح کے لیے دباؤ ڈالا ہے۔ 2005 سے ہی اصلاحات کے مطالبات سامنے آ رہے ہیں اور 2016 میں کشین گنگا اور رٹل ہائیڈرو الیکٹرک منصوبوں پر تنازعات کے بعد یہ مطالبات مزید زور پکڑ گئے۔ کشین گنگا منصوبہ میں کشین گنگا دریا سے پانی نکال کر بجلی پیدا کرنا اور پھر اس پانی کو دوبارہ دریا میں واپس کرنا شامل ہے، جس پر پاکستان کا کہنا ہے کہ اس سے نچلے علاقوں میں پانی کی فراہمی متاثر ہو رہی ہے۔ اسی طرح پاکستان نے رٹل منصوبے پر اعتراض کیا ہے کیونکہ اس سے پانی کی دستیابی پر اثر پڑ سکتا ہے۔ یہ تنازعات نمایاں تاخیر کا سبب بنے ہیں جس سے بھارت کو مالی نقصان اور منصوبوں کی لاگت میں اضافہ ہوا ہے۔ سرمایہ کار اکثر ان منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنے سے گریز کرتے ہیں کیونکہ جاری قانونی مقدمات سرمایہ کاری کے لیے خطرات پیدا کرتے ہیں۔ مثال کے طور پر، رٹل منصوبہ کو ابتدا میں جی وی کے انڈسٹریز کو دیا گیا تھا، مگر معاہدے کی طوالت کی وجہ سے ٹھیکیدار نے منصوبہ چھوڑ دیا۔

انڈس واٹر معاہدہ کا آرٹیکل 9 تین سطحوں پر تنازعات کے حل کے لیے ایک میکانزم فراہم کرتا ہے: انڈس واٹر کمیشن، ایک نیوٹرل ماہر اور ایک عدالتِ تحکیم۔ بھارت نیوٹرل ماہر کے عمل کو ترجیح دیتا ہے، کیونکہ یہ زیادہ مؤثر اور بیرونی مداخلت کو کم کرتا ہے۔ اس کے برعکس، پاکستان عدالتِ تحکیم کو ترجیح دیتا ہے، جو اسے کشین گنگا اور رٹل جیسے منصوبوں کو چیلنج کرنے کی اجازت دیتا ہے جس سے ممکنہ طور پر کام روک دیا جا سکتا ہے۔ بھارت کا کہنا ہے کہ یہ دوہرا طریقہ—نیوٹرل ماہر اور عدالتِ تحکیم دونوں کو بلانا—معاہدہ کی اصل نیت کے خلاف ہے اور اہم منصوبوں میں تاخیر کرتا ہے۔ 2016 میں عالمی بینک نے معاہدہ کے ذریعے ثالثی کے طور پر نیوٹرل ماہر اور عدالتِ تحکیم دونوں کو ایک ساتھ مقرر کرنے کی کوشش کی، جس پر بھارت نے تنقید کی کہ یہ معاہدہ کے واضح تنازعہ کے حل کے عمل کی خلاف ورزی ہے، جو نیوٹرل ماہر کو پہلے ترجیح دیتا ہے۔ آخرکار، عدالتِ تحکیم کو بلایا گیا، جسے بھارت نے پاکستان کے حق میں فیصلے کے طور پر دیکھا۔ اس سے تنازعات مزید طول پکڑے اور اہم ہائیڈرو الیکٹرک منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر ہوئی۔ بھارت اس لیے معاہدہ میں اصلاحات کا مطالبہ کرتا ہے تاکہ تنازعہ کے حل کے طریقوں کو تیز اور سادہ بنایا جا سکے۔ بھارت کا مقصد یہ ہے کہ وہ عالمی بینک جیسے اداروں کی مداخلت پر کم انحصار کرے، جو معاہدہ کو نافذ کرنے میں ناکام ہو چکے ہیں۔

انڈس بیسن میں موسمیاتی چیلنجز

منصوبوں کے نفاذ کے مسائل کے علاوہ، انڈس بیسن موسمیاتی تبدیلیوں کے بڑھتے ہوئے دباؤ کا سامنا کر رہا ہے، جہاں درجہ حرارت میں اضافے سے دونوں بھارت اور پاکستان کے لیے پانی کی کمی میں شدت آ رہی ہے۔ بیسن کا تقریباً 25 سے 30 فیصد پانی گلیشیئرز اور برف کے پگھلنے سے آتا ہے، جو موسمیاتی تغیرات کے حوالے سے حساس ہے۔ غیر متوازن مانسون اور گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے کی وجہ سے پانی کے بہاؤ کے نمونے متاثر ہو رہے ہیں، اور 2030 تک پانی کی کمی کا اندازہ 50 فیصد تک لگایا جا رہا ہے۔ عالمی موسمیاتی ماڈلز کے مطابق انڈس بیسن میں بارشوں میں اضافہ ہو چکا ہے، لیکن یہ موسمیاتی تبدیلیاں دونوں ممالک کی زراعت اور گھریلو پانی کی فراہمی کے لیے سنگین خطرات پیدا کر رہی ہیں، جو معاہدہ کی جدید چیلنجوں سے ہم آہنگ ہونے کی ضرورت کو اجاگر کرتی ہیں۔

2021 میں بھارتی پارلیمانی کمیٹی کی رپورٹ نے معاہدہ میں تبدیلی کی سفارش کی تھی تاکہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو مدنظر رکھا جا سکے، اور یہ تجویز جنوری 2023 میں ایک بار پھر بھارت کی طرف سے پاکستان کو نوٹس دینے میں شامل ہوئی۔ اس دستاویز میں 62 سالوں کے تجربات کو بروئے کار لانے کی بات کی گئی تاکہ تنازعات کو مؤثر اور منصفانہ طریقے سے حل کیا جا سکے۔ بھارت کی مخصوص تشویشات میں پاکستان کا بھارتی ہائیڈرو الیکٹرک منصوبوں کی مخالفت شامل ہے، جنہیں بھارت کے مطابق معاہدہ کے تحت مکمل طور پر جائز قرار دیا گیا ہے۔ مزید برآں، بھارت نے معاہدہ کی پانی کی تقسیم کو اس کی بڑھتی ہوئی داخلی ضروریات اور موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجوں کو بہتر طریقے سے حل کرنے کے لیے دوبارہ مرتب کرنے کا مطالبہ کیا ہے، خاص طور پر پانی کی کمی کا شکار ریاستوں جیسے پنجاب، ہریانہ اور راجستھان میں۔

پاکستان کا اصلاحات پر اعتراض

انڈس دریا کا بیسن پاکستان کے لیے انتہائی اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ یہ اس کی زرعی پیداوار کا 90 فیصد اور جی ڈی پی کا تقریباً 25 فیصد فراہم کرتا ہے۔ چونکہ پاکستان نچلا رپیریان ملک ہے، وہ انڈس کے بلا رکاوٹ بہاؤ پر بہت زیادہ انحصار کرتا ہے اور اسے اپنی بقا کے لیے کسی بھی کمی کو براہ راست خطرہ سمجھتا ہے۔ 2016 میں اُری حملے اور 2019 میں پلوامہ حملے کے بعد، بھارتی حکومت نے معاہدہ کو ختم کرنے کے بارے میں سخت بیانات دیے، یہ دعویٰ کرتے ہوئے کہ "خون اور پانی ایک ساتھ نہیں بہہ سکتے”۔ اس طرح کی بیان بازی، جو گہری تاریخی بے اعتمادی پر مبنی ہے، نے پاکستان کو بھارت کی تجویز کردہ تبدیلیوں کی مخالفت کرنے پر مجبور کیا، کیونکہ اس کے خیال میں اس سے اس کی سکیورٹی اور معیشت کو براہ راست نقصان پہنچے گا۔ اس کے علاوہ، پاکستان بھارت کے کشمیر میں اقدامات، بشمول خصوصی حیثیت کا خاتمہ، کو وسیع تر حکمت عملی کے طور پر دیکھتا ہے جس کا مقصد آبی وسائل پر قابو پانا ہے۔ ان جیوپولیٹیکل تنازعات کے باعث تعاون مشکل ہو جاتا ہے۔

اہم ناکامیاں اور آگے کا راستہ

انڈس واٹر معاہدہ، جو کبھی تعاون کا نشان تھا، اب ایک نیا موڑ اختیار کر چکا ہے۔ موسمیاتی تبدیلی، قانونی تنازعات اور تاریخی بے اعتمادی نے اس کی حدود کو واضح کر دیا ہے، اور اگر معاہدہ کو اہمیت دینی ہے تو بھارت اور پاکستان کو اپنی سیاسی رقابت کے بجائے مشترکہ بقا کو ترجیح دینی ہوگی۔ ایک تجدید شدہ انڈس واٹر معاہدہ موسمیاتی لچک کے اقدامات کو شامل کر سکتا ہے، وسائل کی تقسیم کو بہتر بنا سکتا ہے اور تنازعات کے حل کو تیز کر سکتا ہے۔

دونوں ممالک کو اس مشترکہ مقصد کی طرف پہلے اپنے داخلی اقدامات اٹھانے چاہیے۔ جہاں پاکستان کا کہنا ہے کہ بھارتی ہائیڈرو پاور منصوبے مغربی دریاؤں پر نچلے بہاؤ کو متاثر کرتے ہیں اور آبپاشی کی ضروریات کو خطرے میں ڈالتے ہیں، وہ خود اپنی آبی وسائل کے انتظام میں سنگین ناکامیوں کو نظر انداز کرتا ہے۔ پاکستان اب تک برطانوی دور کے ایک غیر جدید نہری نظام پر انحصار کرتا ہے، جس میں معاہدہ کے تحت مختص پانی کا ایک بڑا حصہ ضائع ہوتا ہے کیونکہ اداروں جیسے واٹر اینڈ پاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (WAPDA) میں بدعنوانی اور انتظامی خامیاں ہیں۔ اس کے بجائے کہ وہ اپنی آبپاشی کے ڈھانچے کو جدید بنائے، حکام اکثر بھارت کو الزام تراشی کرتے ہیں اور "پانی کے دہشت گردی” کے الزامات لگا کر اپنی خامیوں سے توجہ ہٹاتے ہیں۔ پاکستان کے اندر پانی کے بنیادی ڈھانچے اور حکومتی اصلاحات کا جدید ہونا ضروری ہے۔ بھارت کو مزید شفافیت فراہم کرنی چاہیے اور منصفانہ پانی کی تقسیم کے بارے میں پاکستان کے خدشات کو دور کرنا چاہیے۔

دونوں اطراف کے ماہرین اس بات کو تسلیم کرتے ہیں کہ مشترکہ آبی وسائل کے انتظام سے پانی کے وسائل کے استعمال کو زیادہ مؤثر بنایا جا سکتا ہے، ضیاع کو کم کیا جا سکتا ہے اور یہ پانی زراعت کے اہم اوقات میں دستیاب ہو سکتا ہے۔ ایسی تعاون سے خشک سالی اور سیلاب کے اثرات کو کم کیا جا سکتا ہے، جس سے زرعی پیداوار کو مستحکم کیا جا سکتا ہے۔ آخرکار، ایک ایسا تعاون پر مبنی فریم ورک جو قومی مفادات کے ساتھ موسمیاتی تبدیلیوں کے دباؤ کو متوازن کرے، انڈس واٹر معاہدہ کو ایک تنازعہ کے بجائے جنوبی ایشیا میں امن کی بنیاد بنا سکتا ہے۔

اپنی رائے دیں

متعلقہ پوسٹس

دوسری زبان میں ترجمہ کریں