مانسہرہ
ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ اور ترقی پذیر ممالک میںغربت اور بھوک ختم کرنے سمیت سماجی بہتری کے لئے کام کرنے والے بین الاقوامی ادارے International Water Management Instituteکے درمیان آبی وسائل کی ترقی ، موسمیاتی تبدیلیوں ، غذائی تحفظ اور خیبر پختونخواہ میں زراعت کے شعبے میں تحقیق کے لئے باہمی تعاون کا معاہدہ طے پا گیا۔ اس سلسلے میں گذشتہ روز وائس چانسلر ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ پروفیسر ڈاکٹر محسن نواز اور IWMIکے ڈائریکٹر فوڈ اینڈ ایکو سسٹم ڈاکٹر محسن حفیظ نے یادداشت پر دستخط کئے۔ معاہدے کے تحت آبی وسائل کی ترقی اور انتظام اور فوڈ سیکیورٹی پر تحقیق اور اس ضمن میں ترقیاتی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے تعاون کیا جائے گا جبکہ صوبہ خیبر پختونخوا میں آب و ہوا سے مطابقت رکھنے والی زراعت اور پانی کے مسائل کو مستحکم بنیادوں پر حل کے لئے کی جانے والی سرگرمیوں کو وسعت دی جائے گی۔مفاہمت کی یادداشت کے تحت دونوں ادارے اپنے تعلقات کو منظم کرنے، آبی وسائل کی ترقی اورغذائی تحفظ سمیت متعلقہ تحقیقی اور ترقیاتی سرگرمیوں میں تعاون کریں گے جبکہ صوبائی حکومت کوآب و ہوا سے مطابقت رکھنے والی زراعت ، آبپاشی اور لائیو سٹاک کے لئے پالیسیوں پر معاونت و مشاورت فراہم کی جائے گی۔ایم او یو کے تحت IWMIہزارہ یونیورسٹی کے متعلقہ تعلیمی شعبے کے طلباء و طالبات کو اہلیت کی بنیاد پر انٹرن شپ کے مواقع اور تحقیقی موضوعات کے ڈیٹابیس تک رسائی فراہم کرے گی جبکہ ورکشاپس، کانفرنس اور سیمینارز کا مشترکہ انعقاد اور پیشہ ورانہ طور پر جوائنٹ ریسرچ کی اشاعت بھی مفاہمتی ہادداشت میں شامل ہے۔اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محسن نواز نے کہا کہ ہزارہ یونیورسٹی ملک کا ایک بڑا اعلیٰ تعلیمی ادارہ ہے جہاں چار فیکلٹیز کے تحت 32سے زائد تعلیمی و تحقیقی شعبہ جات اور100سے زائد market-orientedپروگراموں میں ملک بھر سے تعلق رکھنے والے نوجوان طلباء و طالبات اور سکالرز کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم و تربیت سے آراستہ کیا جا رہا ہے۔وائس چانسلر نے کہا کہ IWMIکے ساتھ ہونے والے معاہدے سے یونیورسٹی کے ڈیپارٹمنٹ آف ارتھ اینڈ انوائرومنٹل سائنسز میں پہلے سے جاری تحقیقی سرگرمیوں میں مزید جدت اور وسعت آئے گی۔IWMIکے ڈائریکٹر فوڈ اینڈ ایکو سسٹم ڈاکٹر محسن حفیظ نے ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کے ساتھ ہونے والے باہمی تعاون کو معاہدے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی و خوراک کے تحفظ اور زراعت و پانی کے مسائل کو جدید خطوط پر حل کرنے کے لئے یہ معاہدہ نہایت کارآمد ثابت ہوگا اور ہم ہزارہ یونیورسٹی کے ساتھ مل کر مذکورہ مسائل کا بہتر اور دیرپا حل تجویز کر سکیں گے ۔اس موقع پر IWMIکے حکام کے علاوہ یونیورسٹی کے ارتھ اینڈ انوائرومنٹل ڈیپارٹمنٹ کے چیئر مین ڈاکٹر آصف جاوید اور منیجر ORICڈاکٹر زبیر عالم خان بھی موجود تھے۔