Skip to content

ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ میں منشیات استعمال کے نقصانات ، اس پر کنٹرول اور معاشرے کے لئے اس کی تباہ کاریوں کے بارے آگاہی کے حوالے سے پروگرام کا انعقاد کیا گیا

شیئر

شیئر

مانسہرہ
ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ میں منشیات استعمال کے نقصانات ، اس پر کنٹرول اور معاشرے کے لئے اس کی تباہ کاریوں کے بارے آگاہی کے حوالے سے پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔وفاقی و صوبائی حکومتوں کی ہدایات کی روشنی میں منعقدہ Awareness Campaign Sessionکے مہمان خصوصی اینٹی ناکوٹکس فورس کے ریجنل کمانڈر خیبر پختونخواہ بریگیڈیئرمظہر حسین تھے۔

آگاہی سیشن میں یونیورسٹی کے مختلف تعلیمی شعبوں کے نوجوان طلباء و طالبات شریک تھے۔ اے این ایف کے ریجنل کمانڈر نے طلباء سے اپنے خطاب میں کہا کہ منشیات استعمال کرنے والوں میں طلباء و طالبات یکساں طورپر متاثر ہوئے ہیں جو انجانے میں مختلف قسم کی نشہ آور ادویات Force Multiplierکے طور پر لے رہے ہیں۔بریگیڈیئر مظہر حسین نے کہا کہ اعلیٰ تعلیمی اداروں میں روایتی ڈرگز کے ساتھ مصنوعی طور پر تیار کردہ منشیات کا استعمال بھی کیا جا رہا ہے جس سے نوجوان طلباء و طالبات کے مستقبل ، ان کی صحت اور زندگیوں کو سنگین خطرات لاحق ہیں جس سے نمٹنے کے لئے جنگی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جار ہے ہیں۔انہوں نے ملٹی میڈیا پریزنٹیش کے ذریعے نشہ آور اشیاء اور دیگر منشیات کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ آئس نامی ڈرگ کے صرف ایک ہی بار استعمال سے انسانی جسم اس کا عادی ہو جاتا ہے اور پھر طویل میڈیکل ٹریٹمنٹ کئے بغیر اس عادت سے چھٹکارا ممکن نہیں رہتا۔اے این ایف کے کمانڈر نے طلباء و طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ وقتی سکون یا صرف ایک بار استعمال کی سوچ کے تحت بھی ڈرگز کے قریب نا جائیں۔انہوں نے طلباء کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ آئس کے مکروہ کاروبار میں ملوث سماج دشمن عناصر نام نہاد فوائد بتا کر آپ کو اس کے استعمال کی ترغیب دیں گے، آپ نے ان کے جھانسے میں نہیں آنا اور اللہ تعالیٰ کے بتائے گئے رستے پہ چلتے ہوئے ہر قسم کی منشیات سے دور رہنا ہے۔ آگاہی سیشن میں اے این ایف کے ڈپٹی ڈائریکٹر واجد نے طلباء کے مختلف سوالوں کے جواب دیتے ہوئے ملٹی میڈیا پریزنٹیشن کے ذریعے منشیات کی مختلف اقسام، ان کے نقصانات اورروک تھام کے لئے کئے جانے والے اقدمات کے بارے میں بتایا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محسن نواز نے طلباء سے خطاب میں کہا کہ ہم سب نے اپنی انفرادی ذمہ داریوں کے احساس کے تحت منشیات کی لعنت سے مقابلہ کرنا ہے اورکسی مروت کے بغیر ہر اس شخص کی نشاندہی کرنی ہے جو اس سماج دشمن کاروبار میں ملوث ہے۔ وائس چانسلر نے کہا کہ کوئی ایک ادارہ یا فورس منشیات کے خلاف اکیلے کامیابی حاصل نہیں کر سکتی ،

لہٰذا ہم نے اجتماعی سوچ کے تحت اس معاشرتی برائی کا مقابلہ کرنا ہے۔ اس سے قبل وائس چانسلر نے اے این ایف کے سیکٹر کمانڈر کو یونیورسٹی آمد پر خوش آمدید کہا ۔ وائس چانسلر نے انہیں یونیورسٹی میں منشیات اور دیگر ڈرگز کی روک تھام کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی میں ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی Drug Abuse Policyپوری طرح نافذ العمل ہے جبکہ صوبائی محکمہ اعلیٰ تعلیم کی ہدایات پر اینٹی ڈرگ کمیٹی بھی اپنے فرائض بخوبی سر انجام دہے رہی ہے۔پروفیسر ڈاکٹر محسن نواز نے کہا کہ یونیورسٹی کو سنڈیکیٹ کے احکامات کے تحت 2005ء سے سموکنگ فری کیمپس ڈیکلیئر کیا گیا ہے جبکہ یونیورسٹی کے اندر ایک مربوط میکنزم کے تحت طلباء و طالبات کے ہاسٹلز ، کیفٹیریا اور دیگر مقامات کے اچانک دورے کئے جاتے ہیں اور طلباء کی سرگرمیوں پر نظر رکھتے ہوئے ان کی رہنمائی کی جاتی ہے۔وائس چانسلر نے کہا کہ یونیورسٹی کے سائیکالوجی ڈیپارٹمنٹ کے تحت قائم کردہ کونسلنگ سنٹر بھی طلباء و طالبات کو منشیات کے جانی مالی اور معاشرتی نقصانات اور ذہنی صحت کی بہتری پر مشاورت فراہم کر رہا ہے جبکہ کیمیائی مادوں کے استعمال کے مضر اثرات پر ماہرین پر مشتمل بین الاقوامی کانفرنس بھی کروائی گئی ہے۔سیشن کے اختتام پر بریگیڈیئر مظہر حسین کو یونیورسٹی کی یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے ڈینز، تعلیمی و انتظامی شعبوں کے سربراہان اور متعلقہ انتظامی افسران بھی موجود تھے۔

اپنی رائے دیں

متعلقہ پوسٹس

دوسری زبان میں ترجمہ کریں