مون سون 2024: دوبیر رانولیا ویلی میں سیلاب سے گھروں کو نقصان، بحالی کا عمل تاخیر کا شکار
دوبیر رانولیا ویلی، کوہستان: حالیہ مون سون 2024 کی بارشوں کے نتیجے میں دوبیر ویلی میں کچھ گھروں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ علاقے کے مکینوں نے سیلاب سے متاثرہ گھروں کی تباہی پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے، جبکہ حکومت کی جانب سے تاحال مکمل بحالی کے اقدامات نہ ہونے پر عوام میں بے چینی پائی جاتی ہے۔
یاد رہے کہ 2022 کے سیلاب کے دوران بھی دوبیر رانولیا ویلی کی سڑکیں، ہسپتال اور سکولز تباہ ہو گئے تھے، جو تاحال دوبارہ بحال نہیں ہو سکے ہیں۔ مقامی آبادی کے مطابق بنیادی ڈھانچے کی بحالی میں تاخیر نے ان کی زندگیوں کو مزید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ سڑکوں کی خستہ حالی اور طبی سہولیات کی عدم موجودگی نے لوگوں کے روزمرہ معاملات کو بھی بری طرح متاثر کیا ہے۔
علاقے کے مکینوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ جلد از جلد بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ ان کی زندگیوں کو مزید مشکلات سے بچایا جا سکے۔