اسلام آباد
سابق وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے دی ٹینیشس انٹرنیشنل یونیورسٹی کالج کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم انسانیت کا درس دیتی ہے، طلباء کو بین الاقوامی جامعات جیسی معیاری تعلیم اور ڈگری ملک کے اندر ہی دینے کیلئے یہ تعلیمی درسگاہ قائم کی گئی ہے، ہمارے لاکھوں بچے اور بچیاں یورپ، امریکہ و دوسرے ممالک میں کروڑوں روپے خرچ کرتے ہوئے دیار غیر کی صعوبتیں بھی برداشت کرتے ہیں، جدید و معیاری تعلیم کیساتھ بین الاقوامی یونیورسٹی کی ڈگری حاصل کرتے ہوئے نوجوانوں کو ملک میں ہی با وقار روزگار اور اپنے شعبہ جات میں آگے بڑھنے کے مواقع میسر آئیں گے۔ دی ٹینیشس انٹرنیشنل یونیورسٹی کالج جو پیرس۔ یونیورسٹی برطانیہ کیساتھ منسلک ہے اس کی افتتاحی تقریب سے سابق وفاقی وزیر و رکن قومی اسمبلی سردار محمد یوسف ، پیٹرن انچیف دی ٹینیشس یونیورسٹی کالج سابق نیول چیف ایڈمرل ریٹائرڈ عبدالعزیز مرزا ، وائس ایڈمرل ریٹائرڈ احمد تسنیم ، ہیڈ آف ہائیر ایجوکیشن دی Tenacious اکیڈمک گروپ پروفیسر سجاد قمر ،سردار عمر تنویر خان ، ریٹائرڈ سیکرٹری تعلیم سردار خان بہادر عبداللہ ، صدر آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ملک ابرار حسین ،
کرنل شاہد رشید، ممبر فیڈرل بورڈ اشرف معراج اور دیگر معزز مہمانوں کے ہمراہ فیتہ کاٹ کر یونیورسٹی کا افتتاح کیا،
سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کا بنیادی مقصد انسانیت کی بہتری ہے۔ علم کی بنا پر انسان دیگر مخلوقات سے افضل ہے۔ ہمارے بچے اور بچیاں اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے بیرون ممالک سفر کرتے ہیں، جہاں انہیں تعلیمی اخراجات سمیت دیگر مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ The Tenacious انٹرنیشنل یونیورسٹی کالج اعلی اور معیاری تعلیم کے فروغ میں مددگار ثابت ہو گا ۔ نوجوان طلبہ پاکستان میں بین الاقوامی یونیورسٹی کی ڈگری حاصل کر سکیں گے۔ ادارے کے پیٹرن انچیف ایڈمرل ریٹائرڈ عبدالعزیز مرزا سمیت بورڈ آف ڈائریکٹرز میں شامل مایہ ناز ستارے کسی تعارف کے محتاج نہیں ہیں۔مجھے یقین ہے کہ ادارہ والدین اور طلباء کی امیدوں پر پورا اترے گا۔اس موقع پر پیٹرن انچیف The Tenacious اکیڈمک گروپ ایڈمرل ریٹائرڈ عبدالعزیز مرزا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کسی بھی قوم کی تعمیر و ترقی کا ذریعہ ہوتی ہے۔ اپنے بچوں کے لئے اعلیٰ تعلیم کا حصول سبھی والدین کا خواب ہوا کرتا ہے، اس خواب کی تکمیل میں صحیح اور معیاری ادارے کا انتخاب ہمیشہ سے انتہائی کٹھن مرحلہ رہا ہے۔ ہمارا ادارہ برطانیہ کی Pearson یونیورسٹی سے الحاق شدہ ہے جو معیاری تعلیم و تربیت کے فروغ کے لئے سنگ ِ میل ثابت ہوگا۔ اب پاکستان اور آزاد کشمیر کے طلباء کو عالمی معیار کے عین مطابق تعلیم حاصل کرنے کے مواقع اپنے ہی ملک میں میسر ہوں گے۔ تقریب سے خطاب میں The Tenacious اکیڈمک گروپ کے سربراہ پروفیسر سجاد قمر نے کہا کہ ادارہ ہذا میں ابتدائی طور پر بزنس اور کمپیوٹر گریجویشن کے پروگرامز شروع کیے گئے ہیں ، دیگر شعبہ جات بھی جلد شروع کیے جائیں گے۔ موجودہ دور آئی ٹی سیکٹر کا ہے ۔آئی ٹی انقلاب کے نتیجے میں پوری دنیا میں لوگوں کا طرز زندگی بدل گیا ہے۔ ہم اپنے بچوں کو آئی ٹی سیکٹر میں تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ مواقع بھی فراہم کر رہے ہیں تاکہ وہ اپنی ریسرچ کو دیگر فورمز میں پیش کر سکیں ۔اس کالج میں بلاشبہ طلبہ و طالبات کو تعلیمی تجربات سے گزرنے، معاشرتی مسائل حل کرنے، انہیں پیشہ ورانہ امور سے آراستہ ہونے کے ساتھ ساتھ مارکیٹ کی ضرورت کے مطابق تکنیکی مہارتوں سے لیس ہونے کا تجربہ حاصل ہوگا، پروفیسر سجاد قمر نے مزید کہا کہ اس تعلیمی ادارے سے فارغ التحصیل طلبہ و طالبات نہ صرف کاروباری دماغ رکھنے والے پروفیشنل ہونگے بلکہ ترقی کی دوڑ میں شامل ہوکر وہ ملک کی تعمیر و ترقی میں بھی کلیدی کردار ادا کررہے ہونگے۔ میرٹ اور معیاری تعلیم پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔ ادارہ ہذا میں فیکلٹی ممبران اپنے شعبہ جات میں تحقیقی اور تدریسی علم میں کمال مہارت رکھتے ہیں۔ آزاد کشمیر کے شہر راولاکوٹ میں بھی بہت جلد ادارے کی بنیاد رکھی جائے گی۔افتتاحی تقریب میں نامور سیاسی و سماجی شخصیات، سابق بیوروکریٹس، آرمڈ فورسز کے مایہ ناز ریٹائرڈ افسران، صحافیوں، طلبہ و طالبات، اساتذہ کرام ، والدین کی ایک بڑی تعداد بھی شریک تھی اسکے علاوہ تقریب میں سابق ہیلتھ ایڈوائزر ڈاکٹر سردار محمود خان ، سابق پولیٹیکل ایڈوائزر سردار افتخار رشید ، ڈسٹرکٹ کونسلر مرزا وحید بیگ ، میڈیا کوآرڈینیٹر راجہ قمر الزمان ، ترجمان آئی پی پی سردار مشعل یونس ، سردار فاران سمیت دیگر موجود تھے ۔