ایبٹ آباد
رپورٹ : دلدار ستی ۔
محکمہ معدنیات خیبر پختونخواہ کی جانب سے معدنیات پر رائیلٹی میں 200 سے 13سو فیصد بلاجواز، بلا مشاورت ظالمانہ اضافہ کے خلاف ہزارہ مائننگ ایسوسی ایشن کے ہنگامی اجلاس میں حکومت سے ظالمانہ فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔مطالبہ کی عدم منظوری پر صوبہ کی سطح پر احتجاج کے لئے بھی مشاور مکمل کرلی گئی ہے۔شرکاء کے مطابق حکومت کی جانب سے رائیلٹی کی مد میں ظالمانہ اضافہ سے جہاں لیز ہولڈرز متاثر ہوں گے وہاں لاکھوں گھروں کے چولہے بجھ جائیں گے ۔بے روزگاری عام ہو جائے گی اور حکومت کو ریونیو جنریشن میں نقصان اٹھانا پڑے گا حکومت ہوش کے ناخن لے اور رائیلٹی میں ظالمانہ اضافہ کو فوری واپس لے ورنہ بھرپور احتجاج سمیت ہر آپشن استعمال کریں گے۔اس حوالہ سے ہزارہ مائننگ ایسوسی ایشن کا ہنگامی اجلاس مرکزی آفس میں چیئرمین منیر کمال جدون کی زیرصدارت منعقد ہوا ۔اجلاس میں صدر قاضی مصدق جان ، فرنٹیئر مائن اونر ایسوسی ایشن کے صدر شیر بندی خان مروت ، چیمبر آف کامرس کے عبدالرشید خان، وقاص احمد تنولی ،نعمان آصف، اسد جاوید خان، زرگل خان، سید شوکت شاہ، محمد جاوید جدون ،ملک ممتاز ، عزیر تنولی، عبدالرحمن خان،شفقت حسین شاہ، الطاف احمد، طاہر خٹک، عبدالغفار خان،حیدر علی خان، سید ممتاز احمد، حکیم شیر بابر، لعل زادہ خان، ڈاکٹر محمد صدیق، مشتاق احمد خان، تنویر عباسی ، ملک الیاس، قاضی عبدالحمید ودیگر لیز ہولڈرز نے بھرپور شرکت کی۔ اجلاس میں مشترکہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ رائیلٹی میں ظالمانہ اضافہ کے خلاف پرنٹ و سوشل میڈیا سمیت اراکین اسمبلی و وزیراعلی تک ہر سطح پر اس مسئلے کو اجاگر کرتے ہوئے فیصلہ واپس کروایا جائے گا بصورت دیگر عیدالاضحی کے بعد پورے صوبے میں منظم ہڑتال کی جائے گی۔